اگر آپ سیر و تفریح کی غرض سے دشت و بیاباں میں مہم
جوئی یا ایڈونچر کرنے کی تیاری کر رہے ہیں تو یہ تحریر پڑھنا مددگار ثابت ہوسکتا
ہے.
1930کی دہائی میں امریکی کوہ پیماؤں نے مہم جوئی
کے لیے لازمی دس اشیاء کا ذکر کیا تھا.
جسے Ten essentials of Hiking کہا جاتا ہے. اس ایڈونچر نمبر میں، میں نےTen essentials of
Hiking
اور مہم جوئی کے ذاتی تجربات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ۱۲ نظاموں
کی فہرست تشکیل دی ہے. جن سے پاکستان کے کوہ و دمن
میں مہم جوئی کرنے کی تیاری کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے.
یہ
نظام آگ، پانی، کھانے، پناه گاه، مرمت، موسمی لباس، روشنی، سورج کی شعاعوں
سے حفاظت، سمت شناسی، ابتدائی طبی امداد، مواصلات، اور لین دین کی ضروریات کو پورا
کرتے ہیں. آئیے ان نظاموں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہیں۔
1.
آگ جلانے
کا نظام:
کسی بھی ایڈونچر پر جاتے وقت
آگ جلانے کے آلات: لائٹر، ماچس یا میگنیزیم فائر
سٹاٹرکٹ لازمی رکھنی چاہئیے۔ اس کے علاوہ ایک ڈبیا میں کچھ روئی جو پٹرولیم جیلی
یا تیل میں ڈوبی ہو اپنے پاس رکھیں تاکہ آگ جلائی جا سکے.2.
نظام قیام/
پناه گاه:
اگر آپ ایک روزہ ہائیکنگ پر ہے تو ایک
ایمرجنسی کمبل بھی کافی ہو سکتا ہے
لیکن اگر آپ متعدد دنوں
کی مہم جوئ پر ہیں تو خیمہ اور سلیپنگ بیگ یا اس کے علاوہ کوئی چیز جو آپ
بطور پناهگاه استعمال کرسکتے ہیں،مثلاً ترپال، اپنے ساتھ رکھیں.
3.
نظام طعام:
اپنی ضرورت سے تین گنا زیادہ
کھانا اپنے ساتھ رکھیں.اگر آپ صرف ایک دن
کی ہائیکنگ پر جا رہے ہیں تو دو وقت کے کھانے کے علاوہ چند انرجی بار
یا کھجوریں بھی کافی ہوگی لیکن اگر آپ
زیادہ دن کی ہائیکنگ کر رہے ہیں تو خشک
راشن کے علاوہ میری رائے میں خشک میوہ جات اور انرجی بار بھی اپنے ساتھ ضرور رکھیں.
نوڈلز ریڈی ٹو ایٹ میل، سوپ اور چائے وغیرہ بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں.4.
نظام آب
دوران سفر پانی کی کمی سے
بچنےکے لئے ڈیڑھ لیٹر پانی فی فرد کے تناسب سے اپنے ساتھ رکھیں۔ اسکے علاوہ ایک
اضافی پانی کی بوتل، اور پانی صاف کرنے کی گولیاں یا واٹر فلٹر ضرور ساتھ رکھیں
تاکہ بہتے پانی سے استفادہ کیا جا سکے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ پانی مخصوص
مقدار میں پیئں، یعنی کم از کم آدھا گلاس پانی اس وقت تک موجود ہو جب آپ منزل
مقصود تک نہیں پہنچ جائیں۔
5.
نظام مرمت
اگلا نظام نظام مرمت ہے۔
خنجر، کلہاڑی یا کسی بھی قسم کا ملٹی ٹول رکھیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں چھوٹا موٹا مرمتی کیا جا
سکے۔ میں اپنے ساتھ سوئ دھاگہ بھی رکھتا ہوں۔
6.
نظام
محدودیت /موسمی کپڑے
ٹھنڈے علاقوں میں جاتے ہوئے
گرم ملبوسات اپنے ساتھ رکھیں۔ ایک موٹی جیکٹ پہننے کے بجائے Layered Clothing یعنی تہ در تہ کپڑے پہنیں،
مثلاً: وارمر کے اوپر شرٹ، اس کے اوپر سوئیٹر، اس کے اوپر پف جیکٹ اور شدید سردی
کی صورت میں اوور کوٹ یا شیل جیکٹ، اور اگر بارش ہو تو اس کے اوپر رین کوٹ پہنیں۔
آئیے اب نظر ڈالتے ہیں، نظام
روشنی پر
7.
نظام روشنی
موبائل میں موجود فلیش لائٹ پر ہر گز اکتفا نہ
کریں۔ اچھی کوالٹی کی ٹارچ اور بیٹریز ساتھ لازمی رکھیں۔ یاد رہے Two is one,One is none.
لہذا یقینی بنائیں کہ بیٹریز چارج ہیں
ورنہ بیک اپ میں اضافی بیٹریز لازمی رکھیں۔
8.
سورج سے
حفاظت کا نظام
برفانی علاقے ٹھنڈے ضرور ہوتے
ہیں لیکن یہاں کی سورج کی شعائیں امراضِ
جلد اور امراضِ چشم کا باعث بنتی ہے۔ لہذا کیپ، چشمہ، اور سن بلاک کریم اپنے ساتھ
لازمی لائیں۔ صحرائی علاقوں میں یہ احتیاط برتیں۔
9.
نظام سمت
شناسی
علاقہ کا ایک نقشہ اور قطب
نما یعنی Compass اپنے
ساتھ لازمی رکھیں۔ آپ، شہری دفاع یا اسکائوٹ ایسوسی ایشن سے ورکشاپ کے ذریعے
بنیادی سمت شناسی کی تربیت بھی لے سکتے ہیں۔ ورنہ کم از کم علاقے کا نقشہ اپنے
اسمارٹ فون میں آف لائن ڈائون لوڈ کر کے رکھیں۔
10.
نظام
ابتدائی طبی امداد
اپنے ساتھ فوری طبی امداد کا
سامان لازمی رکھیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کو اس کا استعمال آتا ہو۔ آپ، شہری دفاع، اسکائوٹ ایسوسی ایشن یا کسی
ہسپتال سے ورکشاپ کے ذریعے بنیادی ابتدائی طبی امداد کی تربیت بھی لے سکتے ہیں۔
احتیاطً، اپنے ساتھ فوری طبی امداد کا کتابچہ لازمی رکھیں۔
11.
نظام لین
دین
اپنے ساتھ کچھ اضافی نقد رقم
رکھیں۔ میں اپنے ساتھ پاکستانی روپے کے علاوہ کچھ ڈالرز لازمی رکھتا ہوں۔ جو صرف
آڑے وقتوں میں استعمال کیلئے ہی مختص ہیں۔
12.
نظام
مواصلات
کسی عزیز کو اپنے ایڈونچر
پلان خصوصأ مقامات اور روٹ کی تفصیل
لازمی بتائیں۔ ایک ایمرجنسی نمبر لازمی دے کر جائیں۔ اپنے پاس تمام ریسکیو سروسز
کے نمبر لازمی محفوظ رکھیں۔
یہ تھے مہم جوئی کے لئے ۱۲ رہنما اصول، ان میں سے
بیشتر اشیاء آپ کے پاس موجود ہوگیں اور ہو
سکتا ہے آپ اپنے ساتھ لے کر بھی جاتے ہوں. ہوسکتا ہے کہ ان تمام اشیاء کی ضرورت آپ
کو ہر ایڈونچر پر نہ پڑے لیکن یاد رکھیں
کہ یہ وہ اشیاء ہیں جو اگر ضرورت کے وقت موجود نہ ہو تو مشکل درپیش ہو سکتی ہے .
امید ہے اس تحریر کے ذریعے آپ کو مہم جوئی کی تیاری کے حوالے سے رہنمائی حاصل
ہوگی.
تحریر: صدام صدیقی، کراچی
Comments
Post a Comment